• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز نے ایک اور ٹرافی جیت لی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپرلیگ چیمپئن بن گئی

کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر)پشاور زلمی کا دوسری بار پاکستان سپر لیگ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی بار پی ایس ایل کا تاج اپنے سر پر سجا لیا‘سرفراز نے ایک اورٹرافی جیت لی۔


کوئٹہ گلیڈی ایٹرزپی ایس ایل 2019ءکی چیمپئن بن گئی۔زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 138رنزبنائے‘ گلیڈی ایٹرز نے 139 رنز کا ہدف 17.5 اوورز میں حاصل کیا‘دو فائنل ہارنے کے بعد کوئٹہ نے تیسری کوشش میں پشاور کو8 وکٹ سےزیر کرتے ہوئے پی ایس ایل فور کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فاتح ٹیم کو چمچماتی ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ ڈالرز اور رنرز اپ ٹیم کو دو لاکھ ڈالرز کا انعام ملا۔ مین آف دی میچ محمد حسنین کی 3 وکٹوں اور احمد شہزاد کے ناقابل شکست 58رنزکی اننگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ میں کامیابی سے ہمکنار کردیا جبکہ شین واٹسن کو بہترین بیٹس مین‘ حسن علی کو بہترین بالر اور پولارڈ بہترین فیلڈر کا ایوارڈ دیا گیا‘ پی ایس ایل فور کے فائنل میچ کے اختتام پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو وننگ ٹرافی دی۔تفصیلات کے مطابق پی ایس فور میں مسلسل چوتھے میچ میں کوئٹہ نے پشاور کو شکست دی۔نوجوان محمد حسنین کی تباہ کن بولنگ اور ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کی نا قابل شکست نصف سنچری کی بدولت پشاور کی ٹیم آوٹ کلاس ہوگئی۔اس ٹورنامنٹ میںدو گروپ میچوں،پلے آف کے بعد فائنل بھی کوئٹہ کے نام رہا۔خلاف توقع فائنل میچ یکطرفہ رہا۔فائنل میں139رنز کے ہدف کے تعاقب میںکوئٹہ نے ہدف بغیر کسی مزاحمت کےدووکٹ کے نقصان پر13گیندیںپہلے پورا کرلیا۔احمد شہزادنے 51گیندوں پر 58ناٹ آوٹ رنز بنائے ان کی اننگز میںایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ رائیلی روسو نے32گیندوں پر39رنز کی اننگز کھیلی ۔گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین شین واٹسن تھے جو تیسرے اوور میں صرف سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔نوجوان احسان علی نے18گیندوں پر25رنز کی اننگز کھیلی۔اس سے قبل گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شاندار بولنگ کی بدولت پشاور زلمی بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے ۔عمر امین کے38رنز کے علاوہ کوئی بیٹسمین مزاحمت نہ کرسکا۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سےحیدرآباد کے نوجوان بولر محمد حسنین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ڈیوئن براوو نے 24 رنز دے کر دو بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔15ویں اوور میں زلمی کی نصف ٹیم صرف 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکی تھی۔زلمی کوپہلا نقصان دوسرے ہی اوور میں اٹھانا پڑا جب اوپنرامام الحق ، محمد حسنین کی گیند پر تین رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔چوتھے اوور میں زلمی کے اوپنر اور سب سے خطرناک بیٹسمین کامران اکمل بھی 21 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے صہیب مقصود تھے جو دسویں اوور میں 20 رنز بنا کر ڈیوئن براوو کی گیند پر باونڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوئے۔

تازہ ترین