• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں، سردار گلفراز ، ریاض بخاری

لندن(پ ر)صدر اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل لندن ملک امیر کابل کی وفد کے ہمراہ ڈی آئی جی پولیس میر پور سردار گلفراز خان اور ایس ایس پی میر پور سید ریاض بخاری سے‎ملاقات میں بالخصوص تارکین وطن کے لینڈ مافیا اور پولیس سے متعلقہ بے بنیاد مقدمات کے اندراج۔تارکین وطن سے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام پر لوٹ کھسوٹ اور دیگر اہم مسائل زیر بحث آئے۔ملک امیر کابل اور دیگر ممبران حاجی گل اعجاز ،راجہ عارف ،بابر علی و دیگر نے کہا کہ ‎پی آئی اے کے مہنگے ٹکٹ، ایف آئی اے، نادرا،کسٹمز پولیس ،قبضہ و لینڈ مافیا،جعلی مقدمات جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور نئی نسلیں اداروں کے ناروا سلوک کی وجہ سے اب پاکستان کی بجائے یورپ اور مڈل ایسٹ کے ممالک میں ہالیڈیز منانے اور سرمایہ کاری کو ترجیح دیتی ہیںجس سے نئی ‎نسل کا دھرتی ماں سے تعلق اور ربط ٹوٹنے کا اندیشہ ہے۔ ملک امیر کابل کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان اور افواج پاکستان سے بے حد محبت رکھتے ہیں اور ملک میں پیش آنے والی کسی بھی آزمائش کی گھڑی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ لہٰذا ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ اوورسیز کمیونٹی کا اداروں پر اعتماد بحال ہو۔‎ڈی آئی جی سردار گلفراز خان اور ایس ایس پی سید ریاض بخاری نے او پی ڈبلیو سی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تارکین وطن کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں، عدلیہ،انتظامیہ اور دیگر ادارے تارکین وطن کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ سستا اور فوری انصاف فراہم کیا جاسکے ۔کمیونٹی اور اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان ختم ہو سکے۔ پولیس کے افسران کا کہنا تھا کہ اوورسیز کمیونٹی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرے تو انھیں ہر طرح کا قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔تارکین وطن کیلئے پولیس اوورسیز سیل ضلع میرپور میں اپنی خدمات انجام دے رہاہے۔
تازہ ترین