• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کاروانِ بھٹو ٹرین کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل جنرل مینجر پسنجرٹرین شفیع غوری کے مطابق مذکورہ ٹرین آج صبح ساڑھے 10 بجے کراچی کینٹ سے روانہ ہو گی، جو 22 اسٹیشنوں پر رکے گی، جبکہ ہر اسٹیشن پر 20 منٹ کا اسٹاپ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین آج شام ساڑھے 5 بجے نواب شاہ پہنچے گی، جہاں قیام کے بعد کل 27 مارچ کی صبح ساڑھے 10 بجے ٹرین دوبارہ چلے گی۔

شفیع غوری نے مزید بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین 27 مارچ کی رات ساڑھے 7 بجے لاڑکانہ پہنچے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کاروانِ بھٹو ٹرین 10 اکانومی کلاس کوچز، ایک اے سی پارلر، ایک پاور پلانٹ اور ایک سیلون پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کینٹ سے لاڑکانہ تک تمام ٹریک پر پولیس تعینات رہے گی، جبکہ کاروانِ بھٹو ٹرین کے انجن میں پولیس کے کمانڈوز فرائض انجام دیں گے۔

ریلوے پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرین جس اسٹیشن پر رکے گی وہاں ویڈیو بنائی جائے گی، کاروانِ بھٹو ٹرین کو ریلوے ہیڈ کوارٹر آفس میں مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔

پولیس کی بھاری نفری کینٹ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہے، پلیٹ فارم 7 اور 8 پر بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے تلاشی مکمل کر لی، پلیٹ فارم کے داخلی راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کیا گیا ہے۔

ادھر پیپلزپارٹی کا حکومت مخالف ٹرین مارچ آج سے شروع ہوگا،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج صبح دس بجے ٹرین کے ذریعے کراچی سے لاڑکانہ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔

ٹرین مارچ میں شرکت کے لیے کینٹ اسٹیشن پرپیپلزپارٹی کے کارکنان کی آمد کاسلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین