• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، شوہر کادوستوں کے سامنے رقص سے انکار پر بیوی پر تشدد،بال کاٹ دیے

 لاہور، کاہنہ(نمائندہ جنگ) ڈیفنس کے علاقے میں مبینہ طور پر شوہر نے دوستوں کے سامنے رقص کرنے سے انکار پر بیوی پر تشدد کیا اور اس کے بال کاٹ دیے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان فیصل اور راشد کو گرفتار کر لیا ۔اہلیہ اسما نے الزام لگایا کہ فیصل نے پائپوں سے مارا، ملازمین کے سامنے برہنہ کیا،تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ ڈی ایچ اے رہبر کی رہائشی اسماء عزیز نامی خاتون نے ایک ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ اس کا شوہر میاں فیصل روزانہ دوستوں کو گھر لاتا اور ان کے سامنے اسے رقص کرنے کا کہتا تھاجس سے انکار پر شوہر نے دوستوں کے ساتھ مل کر تشدد کیا اور پائپوں سے مارا۔ خاتون کے مطابق شوہر نے اس کے سر کے بال بھی مونڈ دیے جبکہ ملازمین کے سامنے برہنہ کیا اور الٹا لٹکانے کی کوشش کی۔ خاتون نے کہا کہ اس کی میاں فیصل سے 4 سال قبل پسند کی شادی ہوئی تھی۔ شروع میں اسکا سلوک اچھا تھا تاہم چند ماہ بعد ہی غیر لوگوں کو گھر بلانا اور مجھے ان کے سامنے ڈانس کرنے کا کہنے لگا اور انکار پر تشدد کا نشانہ بنانے لگا۔ گزشتہ شب بھی فیصل چند افراد کوگھر لایااور انکے سامنے ڈانس کرنے کا کہا۔ انکار پر مجھے ملازم راشداور دیگر ساتھیوں سے مل کر تشدد کا نشانہ بنایااور میرے بال مکمل کاٹ دیے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ فیصل اسکے پیسے بھی ہڑپ کرچکا ہے۔ اسما کیمطابق گزشتہ روز شوہر کے تشدد کے بعد گھر سے بھاگ کر تھانے پہنچی اور مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا توپولیس نے مقدمہ درج کرنے کیلئے رشوت مانگی تو اس نے کہا کہ وہ ننگے پائوں آئی ہے اس کے پاس رقم کہاں سے آئی۔خاتون نے مزید بتایا کہ بعد ازاں پولیس نے معمولی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جس کا فائدہ ملزم کو ہی پہنچے گا۔ 

تازہ ترین