• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثقافتی تقریبات اپنی تہذیب اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں، حبیب نواز

برٹن آن ٹرینٹ (آصف محمود براہٹلوی) زندہ قومیں نہ صرف اپنی ثقافت تہذیب کے ساتھ جڑی رہتی ہیں بلکہ اسے فروغ دینے، نوجوان نسل میں منتقل کرنے کیلئے اقدامات کرتی رہتی ہیں۔ ایسے ہی خطہ پوٹھوار اور کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے محفل شعرخوانی اور گیت و سنگیت کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان سے آئے ہوئے راجہ جاوید عرف جیدی اور حافظ سانول سفیر نیلسن برطانیہ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ راجہ صداقت برمنگھم، چوہدری یونس شفیلڈ، راجہ ذوالفقار، راجہ حبیب نواز اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔ راجہ حبیب نواز نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف اپنی ثقافت کو فروغ ملتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی تہذیب کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس محفل شعرخوانی گیت سنگیت میں برطانیہ بھر سے لوگوں نے شرکت کی اور پسند کے شعروں پرخوب داد دی اور نوٹ نچھاور کئے اور دھمال اور خوب بھنگڑے ڈالے۔ پروگرام کا انعقاد چوہدری ارشد، راجہ میر کیانی، یاسر محمود، ثاقب مغل، وسیم جگا، ہارون مغل، راجہ نسیم، مرزا تنویر، ماموں ظہیر، راجہ عمران اور دیگر نے مل کر کیا تھا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری اسرارضدی نے بطریق احسن سرانجام دیئے۔ چوہدری اسرار ضدی نے کہا کہ آج پاکستان سے آئے ہوئے فنکاروں نے ثقافتی رنگ بکھیر کر وطن سے جڑی یادیں پھر سے تازہ کردیں۔ تمام شرکاء بہت لطف اندوز ہوئے۔ شرکاء کوہاٹی چپل، شلوار قمیض اور چادر اوڑھ کر محفل میں شریک ہوئے۔ آنے والے مہمانوں کو سٹیج سے پرجوش خوش آمدید کہا جاتا رہا۔ دل دل پاکستان پر سب شرکاء جھوم اٹھے، آخر میں دھمال پر اختتام ہوا اور شرکاء کی پرتکلف کھانوں سے تواضع کی گئی۔
تازہ ترین