• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی گورننگ بورڈ کے اراکین نے اجلاس کا ایجنڈا مسترد کر دیا

کوئٹہ میں پی سی بی گورننگ بورڈ کا ہنگامہ خیز اجلاس منعقد ہوا جس میں پی سی بی گورننگ بورڈ کےاکثریتی اراکین نے اجلاس کا ایجنڈا مسترد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں پی سی بی گورننگ بورڈکے اجلاس کے دوران ارکان کی اکثریت نے چیئر مین احسان مانی کے خلاف بغاوت کر دی، اُن کے فیصلوں سے اختلاف کر دیا ۔

کوئٹہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا 53واں اجلاس اُس وقت ہنگامی صورت حال اختیار کر گیا، جب گورننگ بورڈ کے 7میں سے 5 ارکان نعمان بٹ ( سیالکوٹ) شاہ ریز روکڑی ( لاہور) کبیر خان (فاٹا) شاہ دوست ( کوئٹہ) اور ایاز خان (خان ریسرچ لیبارٹریز ) نے بورڈ کے اجلاس میں پیش کیے جانے والے ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

ارکان نے موقف اختیار کیا کہ بورڈ کا اجلاس 30اپریل کو لاہور میں بلایا جائے، جہاں آئین کے مطابق چار ریجنز اور چار محکموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے۔

اراکان نے محکمہ جاتی کرکٹ ختم کرنے کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی تقرری کو بھی چیلنج کر دیا اور بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی جانب سے وسیم خان کے اختیارات سے متعلق ایجنڈے کوبھی پیش کرنے سے قبل ہی ماننے سے انکار کر دیا۔

اجلاس میں 7میں سے 5ارکان کا ایجنڈا ماننے سے انکارکا مطلب چیئرمین پی سی بی احسان مانی پر عدم اعتماد ہے، پی سی بی گورننگ بورڈ میں یہ پہلا موقع ہے، جب چیئرمین پی سی بی کے فیصلوں کے آگے بورڈ ارکان ڈٹ گئے اور انہوں نے چیئرمین کے فیصلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

تازہ ترین