• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرا گون کیس، خواجہ برادران کے ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع

لاہور کی احتساب عدالت نے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع کر دی۔

عدالت نے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فاضل جج نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ ریفرنس کے بغیر ملزم کو کیسے جیل میں رکھا جا سکتا ہے؟

مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق اوران کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کواحتساب عدالت کے جج جواد الحسن کی عدالت میں پیش کیا گیا تو فاضل جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزمان کے خلاف ریفرنس کب فائل ہو رہا ہے؟

نیب کے وکیل نے بتایا کہ حتمی تاریخ نہیں دے سکتے، ریفرنس اپروول کے مراحل میں ہے، جس کی چیئرمین نیب نے حتمی منظوری دینی ہوتی ہے۔

جس پر عدالت نے دونون بھائیوں کےجوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع کر دی۔

احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اور ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 73 ء کے آئین سے چھیڑ چھاڑ خطرناک ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت کے لیے صدارتی نظام کی بحث شرمناک ہے، عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے۔

سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ اپوزیشن کو گراتے گراتے کہیں خدانخواستہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان نہ پہنچا دیں۔

تازہ ترین