• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کیسز کے مبینہ الزامات کے باوجود بہادر شاہ خیبر پختون خوا سے نیپرا رکن تعینا ت

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) حکومت نے نیب کیسز کے مبینہ الزامات کے باوجود انجینئر بہادر شاہ خیبر پختون خوا سے نیپرا رکن تعینا ت کردیا ہے۔اس ضمن میں انجینئر بہادر شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں کوئی کیس تھا نہ اب کوئی نیب کیس ہے‘ریٹائرمنٹ کے بعد عہدہ سنبھالوں گا۔تفصیلات کے مطابق،حکومت نے انجینئر بہادر شاہ کو خیبر پختون خوا سے نیپرا کا رکن تعینا ت کردیا ہےحالاں کہ وہ مبینہ طور پر نیب مقدمات کا سامنا کررہے ہیں ، جو کہ نیپرا ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نیپرا رکن اچھی شہرت کا حامل ہو۔تاہم، دی نیوز نے جب بہادر شاہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی نیپرا میں بحیثیت رکن خیبر پختونخوا تقرری کی گئی ہے، تاہم انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ نیب پشاور میں ان کے خلاف کوئی کیس چل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نہ ماضی میں ان کے خلاف کوئی کیس تھا اور نہ ہی فی الحال کوئی نیب کیس ہے۔انہوں نے نیب کیس سے متعلق خبر کو حقائق کے برخلاف اور پیشہ ورانہ رقابت کا نتیجہ قرار دیا۔تاہم ، انہوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ ان کی عمر 58برس ہوچکی ہے اور وہ چار سال کے بجائےصرف دو سال کے لیے نیپرا رکن رہیں گے ۔بہادر شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر نیپرا رکن کی عمر کی حد بڑھانے پر کام ہورہا ہےاور انہیں امید ہے کہ دوسال بعد انہیں توسیع مل جائے گی اور 60برس کی حد کا جو قانون ہے اس میں ترمیم ہوجائے گی۔ایک سوال کے جواب میں بہادر شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ وہ نیپرا میں شمولیت اختیار کرسکیں اور جیسے ہی یہ عمل مکمل ہوگا وہ نیپرا میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔

تازہ ترین