• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا میں ہونیوالے غیر انسانی فعل کی مذمت کرتے ہیں، ریورنڈ پاسٹر سنی جارج

لیسٹر (پ ر) لیسٹر کے آل سینٹ چرچ میں ایسٹر کی عبادت ریورنڈ پاسٹر سنّی جارج کے زیر سرپرستی ہوئی جس میں انھوں نے ایسٹرکے مقصد اور افادیت کو بیان کرتے ہوئے کہا ایسٹر یسوع المسیح کے صلیب دیئے جانے کے تیسرے روز مردوں میں سے جی اٹھنے کی عید ہے اور امسال اس خوشی کے ساتھ ایک بڑا دکھ یہ بھی ہوا کی اسی صبح سری لنکا میں 8مختلف مقامات کے چرچز اور ہوٹل میں بم دھماکے ہوئے جس میں بی بی سی کے مطابق 310لوگ جاں بحق جبکہ 500افراد شدید زخمی ہوئے، ہم آج اس دکھ کی گھڑی میں اس غیر انسانی عمل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے غم زدہ اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔ سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع پر سری لنکا سوگ منا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ناقابل بیان المیے کے تناظر میں یہ ضروری ہے کہ ہم سری لنکن بطور قوم متحد رہیں۔ ہلاک شدگان کی یاد میں منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے ملک بھر میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ یہ وہ لمحہ تھا جب پہلا دھماکہ ہوا تھا۔ یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں پرچم سرنگوں رہے اور عوام نے مختلف مقامات پر جمع ہو کر ہلاک شدگان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اگلی صبح آل سینٹ چرچ کے کمپائونڈ میں ریورنڈ پاسٹر سنّی جارج، رفعت زمرد، جاوید عنایت، پون جارج، ازبیلہ سرفراز، عروشی اور سرفراز تبسم نے موم بتیاں جلا کرجاں بحق افراد کو خراج تحسین پیش کیا ۔
تازہ ترین