• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوڈشیڈنگ ختم، 20 فیصد لوڈ مینجمنٹ ہے، جلدقابو پالیں گے،عمرایوب

اسلام آباد (خبرایجنسی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میںلوڈشیڈنگ ختم، 20فیصد لوڈمینجمنٹ رہ گیا ہے اس پر بھی جلد قابو پائیں گے، جن علاقوں میں بجلی چوری یا لائن لاسز ہیں وہاں پر لوڈمینجمنٹ مجبوری ہے، اس وقت کل 8610 فیڈرز میں سے 6016فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ، چار ماہ میں لائن لاسز اور بجلی چوری میں 2.4فیصد کمی آئی ہے، 51 ارب روپے کا ریونیو زیادہ حاصل کیا‘ پیسکو میں جلد میرٹ پر 3000ملازمین بھرتی کئے جائیں گے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں فضل محمد خان اور دیگر کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ 8610 فیڈر میں سے 6016 فیڈرز کو کیٹگری ون اور ٹو میں لے گئے ہیں ان پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں، 4ماہ میں ریکوری میں 1.3فیصد اضافہ ہوا۔ لائن لاسز اور بجلی چوری میں چار ماہ میں 2.4فیصد کمی ہوئی۔ آئیسکو‘ گیسکو‘ فیسکو اور لیسکو میں لوڈمینجمنٹ زیرو فیصد ہے۔ ملتان میں 5 سے 8 فیصد لوڈ مینجمنٹ ہے جسے جلد ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور، کوئٹہ، سکھر، حیدرآباد میں لوڈمینجمنٹ ہے وہاں پر اسے ختم کرنے کےلئے تیزی سے کام جاری ہے،چار ماہ میں 51ارب روپے ریونیو زیادہ جمع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن فیڈرز پر لائن لاسز یا بجلی چوری ہے وہاں لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے 806 ارب روپے سرکلر ڈیٹ چھوڑا۔ انہوں نے بتایا کہ چارسدہ میں لائن لاسز 70 فیصد، ضیاءعمر زئی میں 90فیصد سے زائد ہے جہاں پر لائن لاسز زیادہ ہوں گے وہاں لوڈ مینجمنٹ بھی زیادہ ہوگی، فیڈر کو سیکیور کر رہے ہیں۔
تازہ ترین