• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’فلم ’پھنے خان‘ میں ایشوریا کے کردار کو ٹھکرا دیا تھا‘‘

پاکستان کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ فلم ’پھنے خان‘ میں بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی لیکن اُنہوں نے بالی ووڈ میں کام کرنے سے منع کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک پاکستان میں رہ کر یہاں کے لیے کام کرنا چاہتی ہوں۔ ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں ہما قریشی اور ’پھنے خان‘ میں ایشوریا رائے کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے یہ دونوں کردار ٹھکرادئیےتھے۔

مہوش حیات نے بتایا کہ فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں انہیں اداکار ارشد وارثی کے ساتھ ایک سین پر اعتراض تھا جس پر انہوں نے اس سین کو فلم سے ہٹانے یا اس میں تبدیلی کے لیے کہا لیکن ان کی یہ بات ماننے سے انکار کردیا گیا جس کے باعث انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔ مہوش حیات نے کہا کہ وہ اپنے دل کی سنتی ہیں اور ان کا دل جو کہتا ہے صرف وہی کرتی ہیں اوروہ بالی ووڈ میں کام کرنا نہیں چاہتیں۔

پاک بھارت کشیدگی سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ہمارے اداکار جو بالی ووڈ میں جاکر کام کرتے ہیں انہیں وہاں وہ عزت نہیں دی جاتی جس کے وہ حقدار ہیںاور یہاں تک کہ ہمارے فنکار اپنی ہی فلموں کے پریمیئر میں بھی شریک نہیں ہوسکتے، جس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداکارہ سجل علی نے بالی ووڈ فلم ’مام‘ میں سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھایا تھا لیکن نہ تو وہ فلم کی تشہیر میں حصہ لے سکیں اورنہ ہی پریمیئر میں شریک ہوئیں۔

دوران انٹرویو مہوش حیات نے تمغہ امتیاز کے دوران ہونے والے تنازعات پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ انہیں تمغہ امتیاز ملنے کے اعلان کے بعد جس طرح میڈیا ا ور سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایاگیا اس چیز نے انہیں بہت تکلیف پہنچائی۔

واضح رہے کہ اداکارہ مہوش حیات کا شمار پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتاہے جنہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو بیک ٹو بیک سپر ہٹ فلمیں دے کر ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کو کامیابی کے لیے بالی ووڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

دلکش اداکارہ مہوش حیات کی سپر ہٹ فلموں میں ’لوڈ ویڈنگ، پنجاب نہیں جاؤں گی، جوانی پھر نہیں آنی اورایکٹران لا‘ شامل ہے اس کے علاوہ انہوں نے متعدد پاکستانی ڈراموں میں بھی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

تازہ ترین