• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرکشش گلوکار و اداکار علی ظفر آج اپنی 39ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

پاکستان میوزک انڈسٹری کو کئی شاندار گانے دینے والے علی ظفرکو اُن کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر سے مداحوں کی جانب سےاُن کے لئے نیک خواہشات کے پیغامات کا تانتا بندھا ہوا ہے۔


گلوکار علی ظفر 18مئی 1980 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے شوبز کریئر کا آغاز ڈراموں میں اداکاری کے بعد فلم شرارت کے لیے گانے ’جگنوں سے بھرلوں آنچل‘ سے کیا تاہم ان کی پہچان ان کی پہلی البم حقہ پانی کے گانے ’چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے‘ سے بنی۔ اس گانے کی البم ’حقہ پانی‘ کی دنیا بھر میں 50 لاکھ کاپیز فروخت ہوئیں۔

بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے علی ظفر نے بالی ووڈ کی کئی سُپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔اُن کی بالی ووڈ فلمو ں میں ’تیرے بن لادن‘، ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’کل دل‘، اور ’چشم بدور‘ شامل ہیں۔


پُرکشش اداکار علی ظفر کی بالی ووڈ کی یہ تمام فلمیں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں اوران کی اداکاری کو بھی  خوب سراہا گیا۔

علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم ’طیفا اِن ٹربل ‘گزشتہ برس 20جولائی کو پاکستان سمیت 24 ممالک میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ لازوال اداکاری اور بہترین کہانی کی بدولت یہ فلم باکس آفس پر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہی۔ اداکار کی ایکشن کامیڈی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ نے دنیا بھر میں 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم نے پہلے ہی روز 2 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور پاکستان کی کامیاب فلم قرار پائی تھی۔

فلم ’طیفا اِن ٹربل ‘کی کاسٹ میں اداکارہ مایا علی، علی ظفر سمیت ورسٹائل اداکار جاوید شیخ، اسلم محمود، نئیر اعجاز نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

پاکستان اور بھارت میں موسیقی اور اداکاری کے شعبے میں شاندار صلاحیتوں کے بل بوتے پر بے شمار ایوارڈز حاصل کرنے والے علی ظفر کو کئی بار ایشیا کے پرکشش ترین مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ علی ظفرکو بہترین گلوکاری پر اب تک 4 لکس اسٹائل ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں، بھارت میں فلم فیئر ایوارڈز کے لیے بھی انہیں نامزد کیا جا چکا ہے۔

علی ظفر کو بھارت کے معتبر فلمی ایوارڈ دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا ہے جبکہ ان کی کامیابیوں کا سفر تاحال جاری ہے۔

تازہ ترین