• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ٹرمپ ملاقات، امریکا طالبان مذاکرات میں پیشرفت کے بعد ہوگی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ملاقات کے حوالے سے ایک بار امید اور توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملاقات کازیادہ انحصار طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت پر ہے کیونکہ دوحہ میں طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات سے حاصل ہونیوالے نتائج ٹرمپ اور عمران ملاقات کی راہ ہموار کرینگے۔پاکستان ریاض کے ساتھ کھڑا ہے، جب کبھی خطرہ ہو، ہم ہر ممکنہ اپنی خدمات پیش کرینگے، ایک عرب نیوز ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ٹرمپ خطے میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں،وزیر خارجہ نے ایران سے تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’بعض طاقتیں تہران اور اسلام آباد کے مابین تعلقات میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اپنے ذاتی ایجنڈا حاصل کر سکیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’جب کبھی دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تب ایران اور پاکستان نے اعلیٰ سطح سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں پر دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے ’ہر منفی‘ کوشش کو ناکام بنادیا،سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ریاض کے ساتھ کھڑا ہے اور جب کبھی خطرہ ہو، ہم ہر ممکنہ اپنی خدمات پیش کریں گے۔وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ جون میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جائےگا۔واشنگٹن کی جانب سے تین سرکاری افسران پر ویزا پابندی عائد کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عائد کردہ پابندی ’عارضی ہے،بے دخلی سے متعلق مسائل کو بڑی حدتک حل کر لیا گیا ہے تاہم ویزا پر پابندی جلد ختم ہوجائے گی۔

تازہ ترین