• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ پنجاب سے فاقی وزیر داخلہ کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے مابین ملاقات میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

 اس کے علاوہ ملاقات میں امن عامہ کی بہتری کے لیے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پربھی اتفاق ہوا۔

 اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں قبضہ مافیاء کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔

صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تازہ ترین