• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس رمضان: آنکھوں کے 10 مریضوں کیلئے فراخدلانہ عطیہ

کراچی (محمد ناصر) جیو ٹی وی کی براہ راست رمضان نشریات رحمتیں، برکتیں اور مجبور و محروم لوگوں کی دُعائیں لئے 14 ویں روز بھی جگمگاتی رہی۔ بصارت کے امراض میں مبتلا مختلف مریضوں اور بچوں نے سیگمنٹ ”جذبہ خدمت“ میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان میں آنکھوں کے مفت علاج کے سب سے بڑا ادارے LRBT کے CEO نجم الثاقب بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں دو کروڑ افراد نابینا پن یا نظر کی خرابی کا شکار ہیں ، آنکھوں کے مرض میں پاکستان دُنیا میں تیسرے نمبر پر آتا ہے۔ پاکستان میں آنکھوں کے ہر تین میں سے ایک مریض کا علاج LRBT میں ہوتا ہے۔ LRBT میں تقریباً روزانہ ایک ہزار سے زائد آپریشن کئے جاتے ہیں۔ LRBTبچوں میں نابینا پن کے مکمل خاتمے اور آنکھوں کے امراض پر کنٹرول کی مکمل جدوجہد میں مصروف ہے۔ رابعہ انعم نے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی تو ٹیلی فون پر مسز شہارت نے 10 بچوں کے آپریشن (کورینا کا علاج ) کرانے کا اعلان کیا۔ ”رواداری“ کے موضوع علمائے کرام نے پُر اثر گفتگو ہوگی۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑی نے کہا کہ رواداری اور برداشت میں گہرا تعلق ہے اور یہ اخلاقی خوبی ہے رشتے ناتوں میں تعلقات میں عمدگی اور خوبی کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے مزاج اور عادات میں بہتری اپنائیں، زور آور اور مال و منصب والے سے دبنا اور کمزور کو دبانا ہمارے ہاں مروج ہے اور حق بات کہنے میں بھی ہم رو رعایت کرتے ہیں اس سے معاشرے اور معاشرت میں بگاڑ رہتا ہے ہمارے دین نے ہمیں جو تعلیمات دی ہیں ان میںہمارے لئے فوز و فلاح ہے۔ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا فضا نے ”ننھی سی خواہش“ میں عید کی شاپنگ اور لیپ ٹاپ خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا تو حسب روایت فضا کو عید کیلئے اُس کی پسند کی خریداری کرائی گئی اس کے علاوہ لیپ ٹاپ سے بھی ایڈوانس ٹیبلٹ اُسے دیا گیا۔ عالم دین علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے فضا سمیت تمام بیماروں کی صحت کیلئے خصوصی دُعا کی۔ مفتی عمران عبدالحق کلیانوی نے پریشانیوں کے حل کیلئے وظائف بھی بتائے۔ کچن میں لذیز پکوانوںنے پورے سیٹ کو مہکائے رکھا۔ شیف ناہید انصاری نے ٹرکش ڈش ” سیس کباب“ بنائے۔ ”کھانہ گھرانہ“ میں بہنوں کے درمیان دال چاول اور اُس کے لوازمات بنانے کا مقابلہ ہوا۔ فاتح ٹیم نے موٹربائیک جیتی۔ اداکارہ اُشنا شاہ اس نشریات کی مہمان خصوصی تھیں میزبان رابعہ انعم نے اداکارہ کے ساتھ اُن کی نجی ، پیشہ وارانہ زندگی اور دیگر مصروفیات کے حوالے سے گفتگو کی۔ اُشنا نے روزہ کشائی کیلئے موجود بچوں کے ساتھ بھی دلچسپ باتیں کیں اور اُن کے معصومانہ سوالوں کے جواب دیئے۔ روزہ کشائی کے سیگمنٹ میں صارم نے اپنا پہلا روزہ رکھا۔ مکافات میں ”انعام“ کے موضوع پر دلچسپ کہانی دکھائی گئی۔ڈرامائی تشکیل میں ناظرین نے دیکھا کہ ایک لڑکا کپڑے کی بڑی دُکان میں کام کرتا ہے لیکن وہاں کا سیٹھ اسے پیسے دینے میں ہمیشہ ٹال مٹول کرتا ہے اور اپنے گھر والوں کی عیاشیوں پر خوب پیسہ لٹاتا ہے۔ ایک دِن اِس لڑکے کے والد کا دوست بیرون ملک سے واپس آتا ہے اور اِس لڑکے کو اپنی کمپنی میں شاندار ملازمت دے دیتا ہے۔ اور اس طرح اِسے اِس کی دیانتداری کا انعام مل جاتا ہے۔ کوئز شو ”رب زدنی علمائ“ کی تینوں ٹیموں میں زبردست مقابلہ ہوا۔ تاہم ”علامہ اقبال“ نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ”واہ واہ سبحان اللہ“ میں اعلیٰ حضرت کے کلام پڑھے گئے۔ محمد معارج، حنین قاسمی، عبداللہ شیخ، بہزاد حسین نے ایسی نعتیں پڑھیں کہ حاضرین کو بھی اپنے ساتھ پڑھنے پر مجبور کردیا۔ دوسری جانب سحر نشریات میں بھی علمائے کرام نے ”دِل کا سکون کہاں ملتا ہے؟“ کے موضوع پر خصوصی درس دیا۔ ذہانت کے مقابلے میں ”ٹیم فاطمہ جناح“ کامیاب ہوکر اگلے مرحلے میں پہنچی۔

تازہ ترین