• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹرز نے کہا تھا وہ بس ایک گھنٹہ جئے گی ۔۔۔مگر !

جب سیبی پیدا ہوئی تو اُس کا وزن صرف ایک سیب کےبرابر تھا،وہ یقیناً دنیا کی سب سے چھوٹی بچی تھی۔


امریکی ریاست سان ڈیاگو نے ایک ویڈیو رپورٹ جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ایک بچی کی پیدائش ہوئی ، اُس وقت بچی کا وزن صرف 8.6 اونس تھا اور نرس نے اُس کا نام ’’سیبی‘‘ رکھا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بچی کی والدہ کی حالت اچانک بگڑنے پر اُنہیں اسپتال لایاگیا تھا جہاں اُن میں ’’ پریسلامیا‘‘ نامی بیماری کی تشخیص کی گئی، سیبی کی والدہ کا فشارِ خون بہت بلند تھااور وہ اُس وقت 23 ہفتوں کی حاملہ تھیں۔

ڈاکٹر کے مطابق سیبی کی والدہ راضی نہیں تھیں اور مسلسل کہہ رہیں تھیں کہ میری بچی نہیں بچے گی وہ ابھی صرف 23ہفتو ں کی ہے، مگروقت سے پہلے پیدائش کروانا لازمی تھا ورنہ ماں اور بچے دونوں کا نقصان ہوتا۔

سیبی کے والد کے مطابق ڈاکٹرز نے بچی کی پیدائش کے بعد اُنہیں بتایا کہ’’ سیبی آپ کے پاس بس ایک گھنٹے کے لیے ہے۔‘‘

مگر یہی ایک گھنٹہ 2 گھنٹوں میں بدلا، گھنٹے دنوں میں اور دن مہینوں میں بدل گئے اور 5 مہینے بعد سیبی ایک نارمل 5 پاؤنڈز وزن کےبچے کی طرح اسپتال سے گھرروانہ کر دی گئی ۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق بچی کا ماضی میں پیدا ہونے والے تمام چھوٹے بچوں کے مقابلے میں 7 گرام وزن کم تھا۔

ویڈیو رپورٹ کے مطابق سیبی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’’ سیبی کے پیدائش کا دن میرے لیے ڈراؤنا ترین دن تھا۔‘‘

سیبی کی نرس نے کہا کہ’’ سیبی بہت زیادہ چھوٹی تھی اوربستر پر بمشکل ہی نظر آتی تھی۔‘‘

اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق سیبی ایک معجزہ ہے جس نے سبھی مشکلات کو مات دی ہے۔

تازہ ترین