سندھ ہائی کورٹ نے ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کے مبینہ اہلکار بن کر شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کے کیس میں 3 ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔
جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پراسیکیوشن کے پاس ٹھوس شواہد ہیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اغواء برائے تاوان کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت یا عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے، مارچ 2025ء میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی تھی۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان نے مارچ 2024ء میں ڈیفنس سے شہری کو اغواء کیا تھا، ملزمان نے اپنا تعلق اینٹی نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ سے بتایا تھا، ملزمان نے 2 لاکھ روپے تاوان طلب کیا اور 50 ہزار روپے لے کر شہری کو چھوڑ دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اے وی سی سی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔