پاکستان رینجرز (سندھ) نے نیوکراچی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔
رینجرز اعلامیہ کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیا د پر سیکٹر 11F نیو کراچی کے علاقے میں کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر محمد عرفان عرف موٹا کوگرفتار کیاجس کا تعلق ایم کیو ایم(لندن) سے ہے۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، کھالیں چھیننے، زبردستی فطرانہ اکٹھا کرنے، فائرنگ، شٹر ڈاؤن ہڑتالیں کروانے اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث ہے۔
ملزم نے2003 میں ایم کیو ایم کے یونٹ 142 نیوکراچی میں کارکن کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی تھی۔ملزم سنی تحریک کے سلیم قادری، رضوان اور ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن ندیم ادو کے ساتھ ساتھ زوہیب، ہیرا، زاہدعرف برگراور ایک نامعلوم شخص کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
ملزم پارٹی کے لیے بھتہ وصولی،فطرانہ،زکوٰۃ وصولی، ہوائی فائرنگ، ہڑتالوں کے دوران جبری دکانیں بند کروانے، کھالیں چھیننے، وال چاکنگ اور روڈ بلاک کرنے جبکہ یارو گوٹھ سرجانی ٹاؤن کے 15 پلاٹوں پرچائنہ کٹنگ کے لیے قبضوں میں بھی ملوث رہا ہے۔
ملزم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج ہیں۔ملزم سے 1 عدد 12 بوررائفل اور 3 عدد کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ملزم کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔