خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ فوج پر حملہ ناقابل معافی ہے، پختونوں کو ایک بار پھر خونریزی میں دھکیلنے کی کوشش کی گئی، فوج اور عوام کی قربانیوں سے امن بحال ہوا ہے، جسے خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی ایجنڈے کو چلنے نہیں دیا جائے گا،معصوم لوگوں کو فوج کے خلاف اکسایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو علی وزیر کی فکر چھوڑیں اور سندھ پر توجہ دیں، محسن داوڑ گرفتار ہو چکے ہیں، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا خطہ گزشتہ دس سالوں سے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، فوج اور عوام کی قربانیوں سے امن بحال ہوا ہے، جسے خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔