• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے ٹی20 بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ڈربی شائر فیلکنز کے خلاف ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے ہی میچ میں حسن علی نے تباہ کن بالنگ کی اور محض 23 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ نہ صرف ان کے ٹی20 کیریئر کی بہترین بولنگ ہے بلکہ برمنگھم بیئرز کی تاریخ میں کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی بھی ہے، اس یادگار شام کا سب سے خاص لمحہ ان کی پہلی ٹی20 ہیٹ ٹرک تھی، جس نے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں ماحول کو جشن میں تبدیل کر دیا۔

میچ کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں حسن علی نے کہا کہ در حقیقت ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا باقاعدہ پلان بنایا تھا، میں نے اپنی دوسری وکٹ کے بعد ٹام لیتھم سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ بیٹر لیگ سائیڈ پر پیچھے کھڑا ہے، تو میں نے کہا کہ یارکر ماروں گا، میں نے یارکر مارا، اور وہ کامیاب ہوا، پھر میں نے اپنی مخصوص جشن منانے والی دوڑ کی، لیکن میرے خیال میں آخر میں یہ سب فینز کے لیے ہوتا ہے، ہم فینز کےلیے کھیلتے ہیں اور اگر میں کہوں کہ یہ وکٹیں فینز کےلیے ہیں تو غلط نہ ہوگا۔

حسن علی نے مخصوص انداز میں بازو پھیلائے جوش سے دوڑے اور شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیردیں، جشن کے انداز نے کراؤڈ کو جوش دلایا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم کراؤڈ کےلیے کھیلتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ہم تفریح فراہم کرتے ہیں، ہم اپنی مہارت، رویے اور سیلیبریشن کے اندز سے بھی لوگوں کو انٹرٹین کرتے ہیں، میں نے آج 2 سے 3 بار جشن منایا، میں بہت خوش ہوں۔

حسن علی برمنگھم بیئرز کے ہیٹ ٹرک کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں، اس سے قبل جنوبی افریقا کے اسپنر عمران طاہر بھی کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جن کا جشن منانے کا انداز بھی منفرد تھا۔

فاسٹ بولر نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں کبھی عمران طاہر جیسا جشن نہیں منا سکتا، وہ تو میلوں دوڑتے ہیں، لیکن میرے لیے کرکٹ انٹرٹینمنٹ ہے، کراؤڈ ہمیں انرجی دیتا ہے اور ہم ان کو واپس دیتے ہیں، یہی ہمارا کام ہے۔

‎30 سالہ حسن علی نے حالیہ مہینوں میں شاندار واپسی کی ہے، پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے لیے ٹاپ وکٹ ٹیکرز میں شامل رہے، جس کے بعد انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے قومی ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا۔

اب برمنگھم بیئرز کے لیے اس یادگار پرفارمنس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ میں ایک عالمی معیار کے بولر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میری تیسری ٹی20 فائیو وکٹ پرفارمنس ہے، سچ بتاؤں تو مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ بیئرز کی تاریخ میں ریکارڈ ہے لیکن خوش قسمت ہوں کہ جب ٹیم کو ضرورت ہو تب پرفارم کرتا ہوں۔

حسن علی نے کہا کہ ہم ابتدائی 2 میچز ہارے، خراب آغاز کے بعد اب کم بیک کر رہے ہیں، مومینٹم بن رہا ہے، ہم ناک آؤٹ مرحلےکو ہدف بنا رہے ہیں، انشاء اللّٰہ ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید