آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 137رنز کا ہدف دیا، جو اُس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
سری لنکا کے اوپنر کرونا رتنے، کشال پریرا اور تھیسارا پریرا کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین کیوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکا۔
کرونا رتنے نے ناقابل شکست 52، کشال پریرا کے 29 اور تھسارا پریرا کے 27 رنز کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینری اور فرگوسن نے تین، تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ، گرینڈہوم، نیشام اور سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ لی۔
جواب میں کیوی اوپنرز مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی عمدہ بیٹنگ کے باعث نیوزی نے مطلوبہ ہدف 16 اعشاریہ ایک اور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
گپٹل نے ناقابل شکست 73 اور منرو نے ناقابل شکست 58 رنز بنائے۔