وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلاول کی جانب سے نامعلوم حملہ آور کی مذمت دوغلی سیاست ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے چیک پوسٹ پرحملے پرمحسن داوڑ کی حمایت کی تھی، کیا وہ شہدا کے خون پر سیاست کر رہے ہیں؟
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں فوج کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج پھر ایک جوان وطن پر قربان ہو گیا، پوری قوم دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والا جوان کے اہل خانہ کے غم برابر کی شریک ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا ہے کہ دھرتی پر جان قربان کرنے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں، ہزاروں شہریوں اور فوجی جوانوں کی قربانیوں سے قائم امن دہشت گرد پھر چھیننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے تک ہمارے حوصلے بلند رہیں گے، پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔