آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے ناٹنگھم میں عید کی نماز ادا کی ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی منگل کی صبح ناٹنگھم میں مسجد عمر پہنچے اور وہاں عید الفطر کی نماز ادا کی ۔
ناٹنگھم میں نماز عید ادا کرنے والوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ، امام الحق ، وہاب ریاض، فخر زمان، حارث سہیل ، شاہین آفریدی، حسن علی ، بابر اعظم , آصف علی اور شاداب خان شامل تھے ۔ ٹیم منیجر طلعت علی اور دیگر آفیشلز نے بھی ناٹنگھم میں نماز عید ادا کی ۔
نماز کے بعد کھلاڑیوں نے ناٹنگھم میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے عید ملی۔
اس موقع پر پاکستانی کرکٹرز کافی خوشگوار موڈ میں دکھائی دے دیئے ۔
قومی ٹیم کی نماز عید کیلئے مسجد آمد کے موقع پر وہاں موجود لوگوں نے انہیں عید کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں پہلی جیت پر بھی مبارکباد دی، اس موقع پر وہاں موجود شائقین کرکٹ نے قومی کھلاڑیو ں کو گلے بھی لگایا۔
ایک پیغام میں شعیب ملک نے کہا کہ عید مبارک دوستو، ہمیشہ خوش اور آباد رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ نمبر ون ٹیم انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی شاندار فتح نے کھلاڑیوں اور عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
گرین شرٹس کی اس جیت کو قومی ٹیم کی جانب سے پرستاروں کیلئے عید کا تحفہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔
عید کی نماز کے بعد پاکستان ٹیم کے کھلاڑی برسٹل روانہ ہوئے جہاں ایک روز آرام کے بعد کھلاڑی سری لنکا کیخلاف میچ کی تیاری کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سات جون کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔