• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ 2019 کے 8ویں میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 228 رنز کا ہدف دے دیا۔

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلے جارہے آئی سی سی ورلڈ کپ کے ساتویں دن ساوتھمپٹن کے مقام جنوبی افریقا کا بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنا مہنگا ثابت ہوا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم ایونٹ کے اپنے تیسرے میچ میں بھارتی بولنگ کے سامنے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹ پر 227رنز ہی بناسکی۔

بھارت کے خلاف کرس مورس 42،کپتان ڈوپلیسی 38،فیفلکوایو 34، ڈیوڈ ملر اور ربادا 31،31 رنز کے نمایاں بیٹسمین رہے،تاہم کوئی بھی بیٹسمین بھارتی بولرز کو پریشان نہ کرسکا۔

اننگز کے آغاز میں بھارتی بولر بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا نے جنوبی افریقا کی اوپننگ جوڑی کو خاصا پریشان کیا،11 کے اسکور پر ہاشم آملہ 6 رنز بناکر سلپ میں روہت شرما کو کیچ دے بیٹھے،ان کی ویٹ جسپریت بمرا کے حصے میں آئی۔

جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ24 کے اسکور پر گری،اس بار جسپریت بمرا کوئنٹن ڈی کاک کی وکٹ لے اڑے،جو صرف 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان فاف ڈوپلیسی نے روسی وینڈر ڈوسن کے ساتھ 54رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو بحران سے نکالنے کی کوشش کی۔

78کے اسکور پر یزویندر چاہل کی گیند پر غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ڈوسن نے اپنی وکٹ کھودی،بھارتی اسپنر نے اسی اوور کی آخری گیندپر کپتان فاف ڈوپلیسی کو بھی پویلین کا راستہ دکھایا،یوں جنوبی افریقا کے 4 وکٹ پر 80 رنز تھے اور ٹیم پریشر میں آگئی۔

جنوبی افریقا کی پانچویں وکٹ 89کے اسکور پر گری، جے پی ڈومینی صرف 3رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس طرح آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور میچ میں بڑے اسکور کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

چھٹی وکٹ پر ڈیوڈ ملر اور فیفلکوایو نے جنوبی افریقی بیٹنگ کو سہارا دینے کی کوشش کی اور 46 رنز کی شراکت قائم کی،اس موقع پر چاہل ایک بار پھر پارٹنرشپ بریکر ثابت ہوئے،انہوں نے 135 کے اسکور پر ڈیوڈ ملر کی وکٹ اپنے نام کرلی۔

بھارت کو ساتویں کامیابی بھی چاہل نے ہی دلوائی،158 کے اسکور پر انہوں نے 34 رنز بنانے والے فیفلکوایو کو وکٹ کیپر دھونی کی مدد سے قابو کرلیا،یوں میچ میں 4وکٹ حاصل کرنے والے بولر بن گئے۔

آٹھویں وکٹ پر کرس مورس اور ربادا نے اسکور میں 66 رنز کی شراکت قائم کی اسکور 224 تک پہنچادیا۔

اس موقع پر کرس مورس 42رنز کی اننگز کھیل کر بھونیشور کمار کی پہلی وکٹ بن گئے،وہ میچ میں جنوبی افریقا کے ٹاپ اسکور رہے۔

جنوبی افریقا کی نویں اور آخری وکٹ 227کے اسکور پر عمران طاہر کی گری جو 227 کے اسکور پر بھونیشور کمار کا دوسرا شکار بن گئے۔

بھارت کی طرف سے یزویندر چاہل کامیاب ترین بولر رہے،انہوں نے 10 اوورز میں 51 رنز کے عوض 4 وکٹ اپنے نام کیں، بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا نے 2،2 جبکہ کلدیپ یادیو نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

تازہ ترین