مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے 11ہزار میگا واٹ کے مقابلے میں وزیراعظم عمران خان ایک میگا واٹ بجلی نہ بناسکے۔
عمران خان کے بجلی پوری ہونے سے متعلق بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خان صاحب، اب جھوٹا کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی 11ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے پر پورا پاکستان نواز شریف کا شکر گزار ہے۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب، آپ 5 سال میں ایک میگاواٹ بجلی نہ بناسکے، اب جھوٹا کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کریں۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب عید کے دن بھی جھوٹ جھوٹ اور جھوٹ؟ خان صاحب آپ کو نواز شریف کے لگائے بجلی منصوبوں کے پورے نام نہیں آتے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب عید کے دن تو جھوٹ بولنے سے باز آجاتے لیکن آپ عادت سے مجبور ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ 11ہزار میگا واٹ پر نواز شریف کی مہر ہے جو آپ کا جھوٹا کریڈٹ نہیں مٹا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب پچھلے 10 ماہ میں ایک میگاواٹ بجلی بنی ہوئی دکھا دیں،آپ کی کل کارکردگی بجلی کی قیمت میں 25فیصد اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ اتنے نالائق ہیں کہ صرف نواز شریف کے منصوبے پر جھوٹے ٹویٹ کر سکتے ہیں۔