ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف تمام سات میچ جیتے ہیں لیکن سری لنکا کے کپتان دومیتھ کرورتنے کہتے ہیں کہ اس بار تاریخ تبدیل ہوگی اور ہم پہلی بار پاکستان کو شکست دیں گے۔
جبکہ بارش سے شدید خدشات کے باوجود پاکستانی ٹیم کی تیاری زور وشور سے جاری ہے۔ایسے میں جمعہ کو میچ بارش سے متاثر ہونے کے امکانات روشن ہیں۔
جمعرات کی شام چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی برسٹل پہنچ گئے اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کا معائنہ کیا، کپتان سرفراز احمد کے ساتھ پچ پر طویل مشاورت کی۔حالانکہ پاکستان کی ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے لیکن بارش اور خراب موسم کی وجہ سے ٹیم میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔
انضما م الحق گراونڈ میں موجود رہے اور کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کرتے رہے۔سرفراز احمد کے ساتھ پچ کے وسط پر وہ مسلسل مشورے کرتے رہے۔پی سی بی نے ورلڈ کپ کے ابتدائی چار میچوں میں الیون منتخب کرنے کے لئے چیف سلیکٹرکو انگلینڈ بھیجا ہے۔
امکان ہے کہ انضمام الحق ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں ہی رہیں گے۔بورڈ کا اسائنمنٹ مکمل ہونے کے بعد وہ اپنے خرچ پر ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔جمعرات کو بھی دن بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا۔موسم سرد ہوگیا ہے۔پچ بیٹنگ کے لئے ساز گار ہے۔