• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی سربراہ نے نواز شریف کیلئے این آر او نہیں مانگا، عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی‘صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے واضح کیاہے کہ کسی سربراہ مملکت نے مجھ سے نواز شریف کیلئے این آراونہیں مانگا‘کسی ملکی شخصیت، ترکی یا عرب ممالک کے کسی سربراہ نے نواز شریف کیلئے این آر او سے متعلق ان سے براہ راست رابطہ نہیں کیا کیوں کہ سب کو معلوم ہے کہ میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کروں گا‘اپوزیشن اے پی سی بلائے یا تحریک چلائے ہمیں کوئی پرواہ نہیں‘ تحریک انصاف اپنی کارکردگی سے جواب دے گی‘ جس نے بھی قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے اس سے حساب لیا جائے گا‘موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ بن ہی نہیں سکتا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے اس سلسلے میں بات کا خدشہ تھا تاہم طیب اردگا ن نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی‘ انہو ں نے کہاکہ این آر او کسی صورت نہیں ہو گا چاہے جتنے مرضی رابطے کر لیں‘ اراکین پارلیمنٹ عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ معاشی سمت کا تعین کردیا اور بحران سے نکل رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجٹ منظوری قانونی تقاضا ہے اس لیے تمام اراکین ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا ہے اور پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا،تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں نے بھی شرکت کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی سے وفاقی بجٹ منظور کرانے سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اجلاس کے بعد بتایا کہ وزیراعظم نے ڈیل کی اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران ارکان نے شکوہ کیا کہ صرف سیاستدانوں کا احتساب ہورہا ہے، بیوروکریسی کو کوئی نہیں پوچھتا، جن بیوروکریٹس کے بچے باہر پڑھتے ہیں ان سے بھی سوال ہونا چاہیے۔ 

تازہ ترین