• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’والد کی زندگی پر مبنی فلم کرنا چاہتی ہوں‘

بالی ووڈ کی ڈمپل گرل کے نام سے مشہور اداکارہ دیپکا پڈوکون کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کبھی کسی کھلاڑی کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا تو وہ اپنے والد کا کردار ادا کرنا پسند کریں گی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق دیپکا پڈوکون اپنے والد، مشہور بیڈ منٹن کھلاڑی پراکاش پڈوکون سے بےحد محبت کرتی ہیں اور اکثر اُن کی تعریف کرتی نظر آتی ہیں۔ ایک چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے دیپکا نے کہا کہ اگر انہیں کبھی کسی کھلاڑی کی بائیوپک کا موقع ملا تو وہ اپنے والد کا کردارکرنا پسند کریں گی۔

اپنے والد کا کردار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے دیپکا نے کہا کہ اُن کے والد پراکاش پڈوکون بھارت کے پہلے شخص ہیں جنہوں نے آل انگلینڈ بیڈ منٹن چیمپئن شپ جیتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے والد نے محدود وسائل، فنڈز اور دیگر سہولیات کی کمی کے باوجود جن حالات میں کامیابیاں حاصل کیں اور اُن کی لگن اور کامیابی نے انہیں جو مقام دلایا وہ قابل تعریف اور میرے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ اب پہلے جیسے حالات نہیں ہیں۔

دوران انٹرویو ایک سوال کے جواب میں دیپکا نے کہا کہ اُنہیں معلوم ہے اُن کے سامنے جنس (gender) کا مسئلہ ہے لیکن اگر انہیں کبھی کسی کھلاڑی کی زندگی پر مبنی فلم کرنے کا موقع ملا تو وہ اپنے والد پراکاش پڈوکون یا اُس دور کے کسی بھی لیجنڈ کھلاڑی کا کردارنبھانا چاہیں گی۔

واضح رہے کہ دپیکا آج کل اپنی نئی آنے والی فلم ’چھپاک‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ ایک تیزاب گردی کا شکار لڑکی (لکشمی اگروال) کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم اگلے سال 2020ء میں 10 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تازہ ترین