• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدا بخش مری کی قیادت میں پاکستان،خالصتان زندہ باد، انڈیا مردہ باد ریلی

کوئٹہ (نمائندہ جنگ) پاکستان بلوچ یونٹی کے وائس چیئرمین میر خدا بخش مری کی قیادت میں کوئٹہ سے سبی تک سیکڑوں گاڑیوں پر مشتمل پاکستان زندہ باد، انڈیا مردہ باد، خالصتان زندہ باد ریلی نکالی گئی جس میں بڑ ی تعداد میں بلوچ رہنماؤں اور مختلف بلوچ قبائل کے ہزاروں افراد نے شرکت کی، اس باوقار ریلی میں سو سے زائد گاڑیاں شامل تھیں، ریلی کے اختتام پر پاکستان بلوچ یونٹی کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر جمعہ خان مری اور خالصتان موومنٹ ٹوینٹی ٹوینٹی کے سربراہ سردار پرمجیت سنگھ پمانے ویڈیو لنک پر خطاب کیا۔ یہ ریلی کوئٹہ کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سبی کےلئے روانہ ہوئی تو راستہ میں بلوچ عوام نے اس ریلی کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے ،جب یہ ریلی سبی کی حدود میں داخل ہوئی تو وہاں پر بھی مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے زبردست استقبال کرتے ہوئے میر خدا بخش مری اور ان کے کاررواں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے والہانہ انداز میں خیر مقدم کیا۔یہ عظیم الشان ریلی سبی شہرمیں چاکر روڈ سے ہوتی ہوئی جرگہ ہال پہنچی، جہاں پہلے سے موجود ہزاروں افرادنے پاکستان بلوچ یونٹی کے رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پرجوش نعرہ بازی کی ،ریلی کے اختتام پرپاکستان بلوچ یونٹی کے مرکزی چیئر مین ڈاکٹر جمعہ خان مری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان بلوچ یونٹی کے وائس چیئرمین میر خدا بخش مری اور ان کی پوری ٹیم کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ایک بار پھر بھارت کے پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے خالصتان اور تحریک خالصتان کی بھرپور حمایت کاشاندار عملی مظاہرہ کیا ہے اور بلوچ اقوام کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ ہمارے بھائی ہیں ہم ان کےساتھ ہیں اور سکھوں کی آزادی کی جنگ میں بلوچ قوم ان کی بھرپور حمایت کرےگی۔ پاکستان بلوچ یونٹی کے وائس چیئرمین میر خدا بخش مری نے اپنے خطاب میں مسنگ پرسنز کے ایشو کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ریاستی اداروں کیخلاف مکروہ پراپیگنڈہ کرنیوالے بھارت نواز بی ایل اے کے لیڈران براہمداغ بگٹی اور ہربیار مری معصوم بلوچ لوگوں کے سفاک قاتل ہیں۔

تازہ ترین