• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی حقوق گھروں کی دہلیز تک پہنچانے کا عہد کر رکھا ہے،بی این پی

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم بلا رنگ و نسل لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل اور سیاست کو عبادت کا درجہ دیتے ہیں ،بی این پی صوبے کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری ‘ ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی ‘ ضلعی جنرل سیکرٹری آغا خالد شاہ دلسوز ‘ ہدایت اللہ جتک ‘ میر زعفران مینگل ‘ حمید بادینی اور عبدالحمید لانگو نے بی این پی کوئٹہ کے زیر اہتمام یونٹ سازی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز بیل کالونی میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ یونٹ کا اجلاس ضلعی سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی کی زیر صدارت ہوا جبکہ مہمان خاص غلام نبی مری تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ہدایت اللہ جتک نے انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست یہاں کے عوام کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہے ہم نے ہمیشہ صوبے اور کوئٹہ شہر کے اجتماعی مفادات کو اولیت دیتے ہوئے یہاں کے لوگوں کے مسائل اور حقوق ‘ گھروں کی دہلیز تک پہنچانے کا عہد کر رکھا ہے، کبھی عوام کے سامنے غلط بیانی سے کام لیا نہ دعوے کئے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی ہم عوام کے سامنے سرخرو ہیں، بی این پی سردار اختر مینگل کی غیر متزلزل قیادت میں بلوچستان کے عوام بلوچ ‘ پشتون ‘ ہزارہ ‘ آباد کار ‘ اقلیتی برادری سمیت دیگر اقوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ بلوچستان کو مشکل حالات اور آنے والے چیلنجز سے نکالنے کیلئے قوموں کو متحد ہو کر صوبے کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے اپنا بھرپور سیاسی و شعوری کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر یونٹ کے انتخابات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے چیئرمین ملک محی الدین لہڑی چیئرمین ‘ زعفران مینگل ‘ حمید بادینی ارکان تھے۔ نتائج کے مطابق ماسٹر پرویز یوسف یونٹ سیکرٹری ‘ امون جمعہ ڈپٹی سیکرٹری جبکہ عامر مسیح ضلعی کونسلرمنتخب ہوئے۔ پارٹی نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ملک شارین لہڑی ‘ عامر شاہوانی ‘ عشرت جاوید سمیت دیگر موجود تھے ۔
تازہ ترین