• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات

منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن  پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات
قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری وزیر داخلہ مائیکل بیچ کے ساتھ تحائف کا تبادلہ کرتے ہوئے

اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی محنت مزدوری اور کاروباری سیکٹر میں اپنا مستقبل تابناک بنانے کے لئے طبع آزمائی کر رہی ہے ، اس کوشش میں بہت سے پاکستانی کامیاب ہوئے ہیں اور بہت سے ابھی اپنی منزل کی تلاش میں سرگرم عمل ہیں ، جو پاکستانی ابھی کامیاب نہیں ہوئے ان کے بارے میں یہ کہنا بالکل غلط ہوگا کہ وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، بلکہ یہ قوم جس تندہی سے اپنا اور اہل خانہ کا مستقبل روشن بنانے پر لگی ہے وہ دن دور نہیں کہ جب کامیابی ان کے گھر کادروازہ کھٹکھٹائے گی ،ا سپین میں پاکستانیوں کی نئی نسل اب یونیورسٹیز اور مقامی اداروں میں بھی اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ، کچھ وکیل بن چکے ہیں ، کچھ ڈاکٹر اور کچھ نے تو مقامی سیاسی جماعتوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کا بیڑا اٹھا لیا ہے ۔ کچھ نوجوان مقامی سیاسی جماعتوں کی طرف سے بلدیاتی ، صوبائی اور قومی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لے چکے ہیں ، وہ جیت نہیں سکے لیکن ان کا انتخابات کے لئے منتخب ہونا پاکستانی کمیونٹی کے وجود کو تسلیم کیا جا نا ہے، اس قوم کے لئے بڑے فخر کی بات ہے ۔

کچھ دن قبل بارسلونا سینٹر میں مقامی پولیس اور دوسرے سیکورٹی اداروں کی طرف سے ہزاروں ملازمین نے مل کر منشیات فروشوں کے خلاف ایک بہت بڑا آپریشن کیا ، جس میں مختلف اقوام کے ساتھ ساتھ کچھ پاکستانی بھی گرفتار ہوئے ، مقامی میڈیا نے دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والوں کی گرفتاری کے برعکس پاکستانی کمیونٹی کو اپنی شہ سرخیوں اور ہیڈ لائنز میں زیر بحث رکھا ، اس حوالے سے اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سخت تذبذب کا شکار تھی اور کمیونٹی کا کہنا تھا کہ جو جرم کرے اسے سزا ملنی چاہیے، لیکن ساری کمیونٹی کو اس آپریشن کی بھینٹ چڑھانا زیادتی کے مترادف ہے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا تشخص اور وقار مقامی اداروں اور سرکاری اہلکاروں کے سامنے قائم رکھنے کے لئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چودھری نے وزیر داخلہ ’’مائیکل بیچ‘‘ اور حکومت کے اہل کاروں سے ملاقاتیں کیں، جن میںنیشنل پولیس کے دو اہم آفیسرز چیف کمشنر’’جون فورتن‘‘ اور تفتیشی یونٹ کے سربراہ’’ امیلیو‘‘ شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد 27 جون 2019 کو بارسلونا کے علاقے ’’سیوتات بیعیا ‘‘میں منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف مقامی پولیس اور دوسرے سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے کئے جانے والے سب سے بڑے آپریشن کے بارے میں تفصیلات جاننا، پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار اورسافٹ امیج کو نمایاں کرنا اور مقامی ہسپانوی اخبارات اور ٹی وی چینلز کی ہیڈلائنز میں اُس آپریشن کے حوالے سے خاص طور پر کچھ پاکستانیوں کی گرفتاری کا ذکر بڑھا چڑھا کربیان کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات سے ہسپانوی وزیر داخلہ کو آگاہ کرنا بھی تھا،کیونکہ مقامی میڈیا نے محسوس کرانے کی کوشش کی تھی کہ یہ آپریشن پاکستانیوں کے لئے تھا یا یہ کہ اس آپریشن میں صرف پاکستانی ہی گرفتار ہوئے ہیں ۔قونصل جنرل بارسلونا کی جانب سے جب یہ تحفظات پیش کئے گئے تو اس کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد کبھی بھی یہ نہیں رہا کہ کسی بھی جگہ پاکستانیوں کا نام خاص طور پر لیا جائے یا پاکستانی کمیونٹی کو بدنام کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ میڈیا خبروں میں تفصیلات بتا سکتا ہے لیکن حکومتی ادارے کبھی بھی کسی کمیونٹی کو جرائم پیشہ کا لیبل نہیں لگا سکتے اور نہ ہی آئندہ کبھی ایسا سوچا جا سکتا ہے ۔

منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن  پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات
قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چودھری مقامی افسران جان فورتن اور امیلیو کے ساتھ

قونصل جنرل عمران علی چودھری نے وزیر داخلہ اور مقامی پولیس افسران سے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی محنتی، جفا کش،یہاں کے قانون کی پابند اورا سپین سے اپنے وطن عزیز کی طرح محبت کرنے والی قوم ہے، انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی نوجوان یہاں کی سیاسی جماعتوں اور سرکاری اداروں کا حصہ بن رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں نے محنت مزدوری اور بزنس کمیونٹی میں بھی اپنا نام بنایا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی کے جرم کی سزا اُن سب کو نہ دی جائے اور مقامی طور پر پاکستانی قوم کو جرائم کے ساتھ نتھی نہ کیا جائے کیونکہ جس نے جرم کیا ہو گا وہ سزا بھگتے گا ، قونصل جنرل بارسلونا ، ہسپانوی وزیر داخلہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران کی ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستانی کمیونٹی اور سرکاری اداروںکے مابین قربتیں بڑھانا پاکستانیوں کے مثبت کردار اورسافٹ امیج کو مقامی کمیونٹی اور سرکاری اداروں کے سامنے نمایاں کرنا تھا۔ اس موقع پرقونصل جنرل نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں جاری منشیات فروشی کے گھناؤنے کاروبار کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے منشیات کے عادی افراد کیلئے ایک ’’آگہی پروگرام‘‘ شروع کرنے کا عندیہ دیا تاکہ لوگوں کو یہ شعور دیا جا سکے کہ وہ اس لعنت سے کیسے چھٹکارا حاصل کر کے صحت مندزندگی گزار سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستانی کمیونٹی نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ وزیر داخلہ اور نیشنل پولیس افسران نے قونصل جنرل علی عمران چودھری اور پاکستانی کمیونٹی کے اس عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی کمیونٹی کی محنت اور جفاکشی کے قائل ہیں ہم اس کمیونٹی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے ، یہ سب اب اسپین کا حصہ ہیں اور جائز کاموں کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں ہم دوسری اقوام اور پاکستانیوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور ان کی عزت و تکریم کے ساتھ ساتھ جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔

تازہ ترین