پاکستانی یوٹیوبر شاہ ویر جعفری کی خطرناک ڈرائیونگ کی وائرل ویڈیو پر سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے یوٹیوبر کو لمبا چوڑا لیکچر دے ڈالا۔
گزشتہ روز شاہ ویر جعفری نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں وہ خطرناک طریقے سے ڈرائیونگ کرتے نظر آئے۔
ویسے تو شاہ ویر جعفری پاکستان میں رہائش پذیر نہیں ہیں، لیکن وہ گزشتہ کچھ دِنوں سے پاکستان آئے ہوئے ہیں، انہوں نے یہ ویڈیو پاکستان میں ہی بنائی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ’آن لی ان پاکستان‘۔
انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر شاہ ویر جعفری کی وائرل ویڈیو پر کمنٹ کیا۔
اپنی ایک اور پوسٹ پر شنیرا اکرم نے شاہ ویر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ایک نامور یوٹیوبر ہیں، ہزاروں لوگ آپ کو فالو کرتے ہیں، آپ کو کاپی بھی کرتے ہیں اور بہت کچھ سیکھتے بھی ہیں، آپ کے اس خطرناک اسٹنٹ کے بعد لوگ بھی اس چیز کو فالو کرنے کی کوشش کریں گے، آپ کی طرف سے اس طرح کی حرکت کرنا شرم کی بات ہے۔‘
شنیرا اکرم نے شاہ ویر کی ویڈیو کے کیپشن کے بارے میں لکھا کہ ’یہ آپ لوگوں کو غلط پیغام دے رہے ہیں، پاکستان میں ایسا کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔‘
انہوں نے شاہ ویر سے ان اسپتالوں کا دورہ کرنے کو کہا، جہاں ایسے مریض زیرِعلاج ہیں جو ایسے حادثوں کے باعث زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے شاہ ویر سے کہا کہ اس طرح کی چیزوں کی تشہیر کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ ویڈیو پر شنیرا اکرم کے ردِ عمل کے بعد شاہ ویر جعفری نے شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔
دوسری جانب شاہ ویر نے اپنے ٹوئٹ میں بھی یہ بات واضح کردی کہ میں اپنی ویڈیوز میں بہت خطرناک کرتب کرتا ہوں۔
انہوں نے اپنے مداحوں کے لئے لکھا کہ آ پ سب یہ کرتب کرنے سے گریز کریں۔