• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے: محمد حفیظ


پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے برطانیہ کی تاریخ میں لندن میں سب سے بڑا مظاہرہ ہوا جس میں پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ بھی شریک ہوئے۔

لندن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاج کیا جنہوں نے کشمیر کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین میں نوجوانوں اور بوڑھوں کے علاوہ خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں، احتجاج کرنے والوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں بھارت سے کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے کے مطالبات بھی شامل تھے۔

پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ بھی لندن میں کشمیریوں کے حق میں ہونے والے مظاہرے میں شریک ہوئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مسلسل خراب کارکردگی کے بعد محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے سے گریز کیا، جس کے بعد انہوں نے انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کا رخ کر لیا ہے۔

تازہ ترین