• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

50 کروڑ سے زائد کرپشن ملزمان کو جیل میں سی کلاس ملے گی، وزیرقانون

50 کروڑ سے زائد کرپشن ملزمان کو جیل میں سی کلاس ملے گی، وزیرقانون فروغ نسیم


اسلام آباد(نیوز ایجنسی ) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ نیب جس ملزم پر 50 کروڑ سے زائد کی کرپشن کا الزام عائد کرے گا اسے جیل میں صرف اور صرف سی کلاس ہی ملے گی، فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے قانون بنے گا۔

فروغ نسیم کا کہنا ہے آرٹیکل149 نافذ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ کراچی الگ صوبہ بن رہا ہے ،ہم توخود کہتے ہیں کراچی کو سندھ سے الگ نہیں ہونے دیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت اور خیبر پختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد خان بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر قانون اور کراچی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی میں نہ بیٹھنے کی بات تو تب ہو جب کوئی انہیں کمیٹی میں بٹھانے کی بات کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناصر حسین شاہ اچھے آدمی ہیں، لیکن کمیٹی میں بیٹھنا یا نہ بیٹھنا ان کی صوابدید ہے، اسی طرح کمیٹی میں کسی کو شریک کرنا یا نہ کرنا ہماری صوابدید ہے۔

انہوں نے قوانین میں تبدیلیوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفادات کے ٹکراو سے متعلق اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی آرڈیننس بھی لا رہے ہیں۔

لیگل ایڈ جسٹس اتھارٹی کا فوکس بچوں اور خواتین کے جرائم کی طرف ہوگا، جو لوگ وکیل نہیں کرسکتے سالہا سال جیلوں میں پڑے رہتے ہیں لیکن خواتین کو اب اپنے حق کے لیے عدالتوں کے چکر نہیں کاٹنا پڑیں گے خواتین کی جائیداد سے متعلق خواتین محتسب سول کورٹ میں ریفرنس دائر کرے گی۔

تازہ ترین