پشاور (کرائم رپورٹر) چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور محمد کریم خان نے کہا ہے کہ سبزی منڈی انقلاب روڈ کے تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ گزشتہ روز تعمیر تحریک پاکستان (بی پی ایم) کے لیگل امپاورمنٹ کمیٹی نیو سبزی منڈی کے صدر سعید دلاور خان کی قیادت میں جنرل سیکرٹری رحمان غنی ٗسبزی منڈی کے آڑھتی شوکت سالار اور کابینہ کے دیگر ارکان نے پولیس لائن میں سی سی پی او پشاور سے ملاقات کی اور انہیں سبزی منڈی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او پشاور نے نیو سبزی منڈی میں غیر متنازعہ جگہ پر پولیس چوکی کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تاجروں کے مسائل سنے اور ایک ہفتہ کے اندر ایس پی سے نیو سبزی منڈی میں ہونے والی سرگرمیوں کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔