• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلازہ مالک کوپانی کی بورنگ پر جرمانہ کرنے کیخلاف رٹ دائر

پشاور(نیوزرپورٹر) ڈبلیو ایس ایس پی کیجانب سے پلازہ مالک کوپانی کی بورنگ پر جرمانہ کرنے کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کردی گئی ہے جبکہ عدالت نے کیس میں ڈبلیو ایس ایس پی حکام سے جواب طلب کرلیا ہے، محمد اکرام اللہ نامی شہری کیجانب سے نیم سرکاری ادارے کیجانب سے پلازہ مالک کو جرمانہ کرنے کیخلاف دائر رٹ کی سماعت ہوئی، اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے فاضل عدالت کو بتایا کہ ڈبلیوایس ایس پی سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کررہی ہے، پلازہ میں ذاتی بورنگ کو ڈبلیو ایس ایس پی نے سیل کیا ہے اوراسکے موکل کو دو لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے، وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انکے موکل پراپرٹی ٹیکس، ایکسائز ٹیکس، جنرل سیلز ٹیکس ادا کررہے ہیں، ڈبلیو ایس ایس پی کو روکا جائے، جس پر جسٹس اکرام اللہ خان نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے مطابق زمین آپ کی ہوگی لیکن اسکے اندر پانی حکومت کی ملکیت ہے،وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ انکے موکل نے ذاتی استعمال کیلئے بورنگ کی ہے لیکن اس پر بھی جرمانہ کیا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت چوبیس گھنٹے پانی فراہم کرسکتی ہے تو وہ بورنگ بند کردینگے، جس پر جسٹس اکرام اللہ نے جواب دیا کہ گھریلو صارفین کا کوئی کیس ابھی تک اس حوالے سے نہیں آیا، عدالت عالیہ نے کیس سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس پی کو بورنگ والی جگہوں کو سیل کرنے سے متعلق کمنٹس طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21نومبر تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین