• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مارشل لاء کی مزاحمت کرینگے،انتہائی اقدام پرمجبورنہ کیاجائے،بلاول

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مدت پوری نہیں کریں گے، عوام کے مسائل صرف جمہوری دور میں ہی حل ہوسکتےہیں، حکومت سمجھے ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، حکمران پارلیمنٹ پر تالا لگائیں گے تو سیاسی جماعتیں مجبور ہونگی، انتہائی اقدام پرمجبور نہ کیا جائے ، ملک میں مارشل لاء لگا تو پیپلزپارٹی بھرپور مزاحمت کرے گی۔

مارشل لاء کی مزاحمت کرینگے،انتہائی اقدام پرمجبورنہ کیاجائے،بلاول


ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح اسپتال میں کینسرکے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے قائم سائبر نائف سیکشن کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کےہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر صحت عذرا پیچوہو، وزیر اطلاعات سعید غنی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور دیگر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نےلائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ا یل او سی پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی سے مودی کا جنگی جنون عیاں ہے،عالمی برادری بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لے، بھارتی شیلنگ میں فوجی جوان اور شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور فوجی جوان سمیت تمام شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس گیارہ پر غیرجانبدار اداروں کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ لاڑکانہ میں کم ٹرن آؤٹ کی صورت میں ضمنی انتخابات میں بے ضابطگی ہوئی، پی ایس 11 میں پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کی شرح کو سست ریکارڈ کیا گیا، سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے اور دوبارہ انتخابات کرا کر اس نشست کو جیتیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے جیالوں پر فخر ہے جنہوں نے دباؤ کے باوجود انتخابات کے لئے جدوجہد کی اگراداروں کی مدد سے الیکشن جیتے جائیں گے تو وفاق پر برا اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے حالات اس نہج پرلےآئے ہیں کہ کراچی سےکشمیر تک ہر طبقہ پریشان ہے۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو اقتدار میں آکر عوام کو ان کے حقوق فراہم کرتی ہے۔

تازہ ترین