رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم خان درانی کی قومی احتساب بیورو( نیب ) کی 3انکوائریز میں عبوری ضمانت میں21 نومبر تک توسیع کردی گئی ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں اکرم درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور فیڈرل گورنمنٹ کے دو رہائشی منصوبوں میں کرپشن انکوائریز کیس کی سماعت ہوئی ۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں 21 نومبر تک کی توسیع کی اور نیب کو جواب داخل کرانے کے لیے 2 ہفتے کی مزید مہلت دے دی ۔
عدالت کے روبرو درخواست گزار اکرم درانی کے وکیل کامران مرتضیٰ پیش ہوئے ۔
چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ دھرنے سے یہاں آرہے ہیں ؟پھر اپنے ریمارکس میں کہا کہ پارلیمنٹ کا تقدس برقرر رہنا چاہیے اور یہ معاملات پارلیمنٹ میں ہی طے ہونے چاہئیں۔