• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری خدمات فراہمی پشاور کیلئے ماسٹر پلان کا مسودہ تیار

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے خیبر پختونخوا واٹر گورننس پروگرام کے تحت شہری خدمات کی فراہمی کے لئے ماسٹر پلان کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس میں اڑھائی لاکھ ممکنہ گھریلو وصنعتی صارفین کی نشاندہی کی گئی ہے اس سلسلے میں سوئس ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے تعاون سے مزید علاقوں میں صارفین سروے کیا جارہا ہے اکثر صارفین ڈبلیو ایس ایس پی کی خدمات لے رہے ہیں ان کی رجسٹریشن سے ڈبلیو ایس ایس پی اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی ماہ رواں میں سروے مکمل ہونے کے بعد ان صارفین کو رجسٹر کیا جائے گا۔ سروے کا آغاز اکتوبر 2018 ء میں کیا گیا تھا جس میں 45 شہری اور 22 دیہی یونین کونسلوں میں صارفین کی ضروریات کااحاطہ کیا گیا ہے۔ سروے میں زون اے میں 90 ہزار، زون بی میں 80 ہزار، زون سی میں 64 ہزار اور زون ڈی میں 26 ہزار صارفین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایس ڈی سی کے تعاون سے واٹر گورننس پروگرام دو سال جاری رہا جس میں ڈبلیو ایس ایس پی عملے، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور مینجمنٹ کی استعداد کار بڑھائی گئی ۔ ماسٹر پلان میں 2048 ء تک پشاور کے صارفین کی ضروریات کا احاطہ کرتے ہوئے شہری خدمات کی فراہمی کے لئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔مسودے میں نکاسی آب نظام کی دوبارہ ڈیزائننگ اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کی تجویز دی گئی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان صارفین کی رجسٹریشن سے ڈبلیو ایس ایس پی مالی طور مستحکم ہوگی اور خدمات کا معیار بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کی سفارشات کی روشنی میں افرادی قوت کی کارکردگی بڑھائی اور خدمات کا معیار بہتر کیا جائے گا۔
تازہ ترین