• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پنڈی ٹیسٹ، برسات حاوی، کھلاڑی بے بس، تماشائی مایوس، چوتھے روز کا کھیلا بارش کی نذر

پنڈی ٹیسٹ، چوتھے روز کا کھیلا بارش کی نذر


کراچی ،راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ ) دس سال بعد پاکستان میں کھیلا جانے والا پنڈی ٹیسٹ پی سی بی کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے دنیا کو اپنی جانب متوجہ نہ کرسکا،بارش نے تماشائیوں اور کھلاڑیوں کے ارمان ٹھنڈے کردئیے، ہفتے کو چوتھے روز تو ایک گیند بھی نہیں کرائی جاسکی،چار دن برسات حاوی رہی، کھلاڑی بے بس دکھائی دئیے جبکہ تماشائیوں کے چہروں پر مایوسی چھائی رہی۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلہ میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانیوالے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران دو روز سے جاری بارش کی وجہ سے چوتھے روز کا کھیل ممکن نہیں ہوسکا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں وقفہ وقفہ سے بارش کے سبب آؤٹ فيلڈ گيلی تھی ،امپائرز نے دوپہر12بجے گراونڈ اور پچ کا معائنہ کیا اورفیصلہ کیا کہ گراونڈ خشک ہونے تک میچ شروع نہیں کیا جا سکتاجس کے باعث چوتھے روز کا کھیل بارش اور خراب روشنی کے باعث ختم کر دیا گیا۔میچ کے اختتام کے اعلان کیساتھ ہی گراونڈ کو ایک بار پھر کورز سے ڈھانپ دیا گیا۔سری لنکن ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخر ی روز6وکٹوں کے نقصان پر282رنز پر اپنی پہلی اور نامکمل اننگ کا آغاز کریگی۔امید یہی ہے کہ سری لنکا کے کپتان ڈی سلوا کی سنچری کے بعد اپنی اننگ ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو بیٹنگ کو موقع دے سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو مطلع صاف ہوگا اور شائقین کرکٹ کو آخری روز پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ پنڈی میں دوسرا ٹیسٹ رکھنا چاہئے تھا،انہوں نے کہا کہ ہمیں شدید مایوسی ہوئی،اس میچ کے لئے خاصی تیاری کی تھی،بعض تماشائیوں نے کہا کہ میچ کےڈرا کی جانب جانے کے باوجود خوشی اس بات کی ہے کہ دس سال بعد ہونے والی ٹیسٹ کی میزبانی پنڈی کو ملی، انہوں نے پی سی بی سے اپیل کی کہ مستقبل میں پنڈی کو مزید میزبانی ملنی چاہئے۔

تازہ ترین