• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری عوام کے حقوق انسانی کی پامالی افسوسناک ہے ،پاکستانی ہائی کمشنر

لندن (نیوز ڈیسک) مہذب دنیا کے سامنے کشمیری عوام کے حقوق انسانی کی مسلسل پامالی افسوسناک ہے۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن میں جمع ہونے والے مختلف ممالک کے مسلمانوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو درپیش مصائب کا ذکر کرتے ہوئے عالمی برادری سے اس صورت حال پر توجہ دینے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 131 دن سے کشمیری عوام مسلسل محاصرے کی صورت حال سے دوچار ہیں اوربھارتی حکومت کی جانب سےمکمل مواصلاتی بلاکیڈ کی وجہ سے وادی سے کوئی خبر باہر نہیں آرہی ہے۔ اس موقع پر نمازیوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے اجتماعی دعا کی۔ بعد میں میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں نفیس زکریا نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ میں نئی حکومت کے قیام کے بعد کشمیریوں کے حقوق انسانی کے بحران کو پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی تصدیق شدہ ذرائع سے حاصل کردہ تصاویر کی نمائش بھی کی گئی۔ بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کی یہ تصاویر مختلف بین الاقوامی اداروں اور حقوق انسانی کی تنظیموں سے حاصل کی گئی تھیں، ان تصاویر سے نماز جمعہ پر جمع ہونے والے نمازیوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کی شدت کو سمجھنے میں مدد ملی۔
تازہ ترین