پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور ہائی کورٹ کے سامنے چلتے رکشہ میں بم دھماکے سے پولیس اہلکار سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ٗرکشہ تیزی سے خیبر روڈ کی جانب جارہاتھا دھماکہ سے درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا دھماکہ کے وقت آرمی پبلک سکول پر حملہ کے پانچ سال پورے ہونے کے بعد مرکزی تقریب جاری تھی ۔گزشتہ روز بارہ بجکر پانچ منٹ پر پشاور ہائی کورٹ کے سامنے تیز ی سے گزرنے والے رکشہ میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور اور پولیس اہلکار سمیت گیارہ افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک کی حالت نازک ہے دھماکہ اتنا زور دا رتھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور قریب واقع درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی اور درجنوں وکلاء بھی موقع پر پہنچ گئے ٗسی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے مطابق رکشہ تیزی سے خیبر روڈ کی جانب جارہاتھا کہ اچانک اس میں دھماکہ ہو گیا دھماکہ کے فوری بعد پشاور پولیس نے بتایاکہ دھماکہ رکشہ میں نصب گیس سیلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ دھماکہ سے متاثر ہ رکشہ کا گیس سیلنڈرجائے وقوعہ سے چند فٹ کے فاصلے پر پڑا تھا جس کے بعد سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد رکشہ میں موجود تھا دھماکہ میں تین سے چار کلو گرام دیسی ساخت کا بارود استعمال کیا گیا ہے ۔