بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم کو 2017 میں دوران پرواز جنسی طور پر ہراساں کرنے والے 41 سالہ نامور بزنس مین کو تین سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2017 میں زائرہ کی عمر 17 سال تھی ، ملزم ویکاس سچدیو کو بچوں کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
یاد رہے کہ زائرہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک اسٹوری میں یہ دعویٰ کیا تھا وسترا ائرلائن کی دہلی سے ممبئی جانے والی پرواز میں جب وہ سو رہی تھیں تو عقبی نشست پر بیٹھے شخص نے 5 سے 10 منٹ تک اپنے پاؤں سے نامناسب انداز میں اُن کی گردن اور کمر کو چھوا۔
کشمیر سے تعلق رکھنے والی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم نے مسافر کی جانب سے اس نامناسب حرکت کا نشانہ بننے کے بعد روتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی ۔
زائرہ نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ اس شخص کی ویڈیو بنانے کا ارادہ رکھتی تھیں تاہم اندھیرے کے باعث وہ ایسا کرنے میں ناکام رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں اس لیے آواز اٹھا رہی ہوں کیونکہ کوئی ہماری مدد نہیں کرسکتا جب تک ہم خود اپنی مدد نہ کرلیں'۔
زائرہ کی جانب سے اس ردعمل کے بعد ائیرلائن کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا آغاز ہوا تھا اور جلد ہی ملزم ویکاس سچدیو کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا سراغ ایئرٹکٹ سے لگایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ زائرہ نے گزشتہ سال مذہب کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ زائرہ وسیم نے 2015 میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔