اپشاور ( وقائع نگار )پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ارباب خضرحیات نے کہا ہے کہ بی آر ٹی پشاور کے عوام کے لئے درد سر بن چکی ہے اور بالخصوص بارش کے دوران غلط نکاسی آب کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پر سیلاب کا منظر عوام کی مشکلات میں مذید اضافے کا باعث بن جاتا ہے جو کہ حکومتی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ارباب خضرحیات نے کہا کہ جو حکومت ایک بس ٹریک کو صحیح طور پر بنانے میں ناکام ہو گئی وہ ملک کو صحیح سمت پر کیا لے کر جائے گی ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی میں جو میگا کرپشن ہوئی ہے تاریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے لیکن افسوس کہ نیب، اینٹی کرپشن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے تماشہ کر رہے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلی کے بوجود تاحال اسے بھی صحیح سمت میں نہیں لایا جا سکا ہے جس کی وجہ سے افتتاح کی تاریخوں میں کئی بار تبدیلیاں کی گئی ہے اور بظاہر 2021 سے پہلے اس کا افتتاح ہونا ناممکن ہے۔