• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


بورے والا کے نواحی گاؤں 519 ای بی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے، ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کے تعاقب پر مقابلہ ہوگیا۔

تھانہ صدر کے قریب چار ڈاکو راہ گیر سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہورہے تھے، پولیس کو 15 پر اطلاع ملی تو پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے انکا تعاقب کر کے گھیرا ڈال لیا۔

پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس کے جوانوں نے پوزیشنیں سنبھال کر جوابی فائرنگ کی، ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں چاروں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں کا تعلق بین الاضلاعی گروہ سے ہے اور وہ قتل، ڈکیتی، راہ زنی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

دوسری جانب مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونیوالے چاروں افراد کے لواحقین اور ڈنڈے اٹھائے مشتعل افراد نے ٹائر جلاکر تھانہ ماچھیوال کی حدود میں دہلی ملتان روڈ بلاک کردیا۔

مشتعل مظاہرین نے ڈی ایس پی صدر سمیت پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا، جس کے بعد ڈی ایس پی صدر خالد جاوید موقع سے جان بچا کر نکل گئے۔

مظاہرین کے مطابق پولیس نے ان کے چار بندوں کو آٹھ روز قبل گرفتارکیا تھا اور ہمارے معصوم بچوں کو ناحق قتل کیا ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین