• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلقہ قوانین میں ترامیم کی جارہی ہیں،محمو دالرشید

لاہور(اکنامک رپورٹر) وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجئینرنگ پنجاب میاں محمود الرشید کی صدارت میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے بورڈآف ڈائریکٹر ز کا 66 واں اجلاس ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل پھاٹا ندیم سرور، جنرل سیکرٹری پنجاب ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب اور بورڈ آف ڈائریکٹر زکے ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔ ڈی جی پھاٹا ندیم سرور نے شرکاء کو گذشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کے نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2019 ء کے تناظر میں پھاٹا آرڈیننس 2002 ء میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ میاں محمود الرشید نے اس موقع پر کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں نجی شعبے خصوصاً پرائیویٹ بلڈرز اور ڈویلپرز کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے اُنہیں متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے ہاؤسنگ سیکٹر سے متعلقہ قوانین میں موزوں ترامیم بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ اِن مجوزہ ترامیم کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔ اجلاس کے دوران پھاٹا کی اراضی پر نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے مزید منصوبے شروع کرنے متعلق بھی تفصیلی غوروخوص کیا گیا مزید برآں پھاٹا کی راولپنڈی، حسن ابدال، اٹک، تلہ گنگ اور گجر خاں میں سکیموں کے نقشوں کی منظوری کے لیے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ ۔
تازہ ترین