• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ اقلیتوں کے تحفظ اوربرابرحقوق کا ہے، کائرہ

لاہور(نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدرقمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ مذہبی اقلیتوں کے تحفظ اور انہیں برابری کے حقوق دینے کا ہے ۔جو وعدے پاکستان بننے سے پہلے اور بھٹو شہید نے کئے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے ۔مذہبی اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ مذہبی اقلیتوں کو پورا شہری بنانے کیلئے پی پی پی نے سب سے زیادہ کام کئے ۔ وہ ’’جناح ،بھٹو اور اقلیتوں کے حقوق ‘‘ پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری منظور احمد، سہیل وڑائچ ،چودھری اسلم گل،ملک عثمان، خالد گل ،ایڈون سہوترا نے بھی خطاب کیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کو ہم نے مذہبی ریاست کے طور پر نہیں بنایا تھا قومی ریاست کا تشخص تھا ۔ ایسا نہ ہوتا تو صوبوں سے الگ الگ ووٹ نہ لئے جاتے ۔مسلم اکثریتی علاقوں کی بنیاد پر ضرور الگ ملک کی بات ہوئی تھی ۔یہاں اقلیتیں مذہبی ہی نہیں ، لسانی اور فرقہ وارانہ اقلیتیں بھی ہیں ۔جتنی بڑی لڑائیاں بین المذاہب ہوئیں اتنی بڑی بین المسالک بھی ہوئی ہیں۔جب ریاست مذہبی بنیاد پر جنگ لڑے گی تو جب وہ ختم ہوگی تو آپس میں لڑائی شروع ہو جائے گی ۔بلوچستان میں جو ہو رہا ہے کیا وہ مذہب کی بنیاد پر ہے ؟ ۔بلوچستان میں تو پیٹ کیلئے گلے کاٹے جاتے ہیں ۔ لسانی، مذہبی ، مسلکی امتیاز ختم کرنا ہوں گے ۔
تازہ ترین