• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں اقلیتوں کو بھی پورے حقوق حاصل ہیں، امریکی قونصل جنرل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل روب سلبر سٹین نے کہا ہےکہ جامعہ کراچی کی اہمیت و افادیت سے انکار کسی صورت ممکن نہیں، جامعہ کراچی کا ملک کے دانشورانہ طبقے کی تشکیل میں کلیدی کردار ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو بھی پورے حقوق حاصل ہیں اور پاکستان کی طرح امریکا میں بھی مختلف مذاہب کے ماننے والے ہیں جو آپس میں مل جل کر رہتے ہیں اور اپنی مذہبی عبادات اور رسومات آزادانہ طور پر اداکرتے ہیں،مذہبی آزادی کا فروغ امریکا کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم وصف رہا ہے کیونکہ اسی کے ذریعے امن اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے،ہم دونوں ممالک مذہبی آزادی کی اہمیت سے واقف ہیں اور ہمارا تمام ممالک سے ہر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے انسانی حقوق کے تحفظ کاسمجھوتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرت چیئر جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں دوروزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس 2020ء بعنوان: ’’تعلیمات رسالت:امن،بقائے باہمی اور مفاہمت‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، آیون ڈیورا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ایسے معاشروں کا قیام جن میں مذہبی آزادی کا بول بالا ہوتا ہے اس کے فوائد بہت زیادہ ہیں، وہاں تجارتی اور معاشی مواقع پیدا ہوتے ہیں اورترقی کی منازل طے کی جاتی ہیں، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ وقت کا ہمیشہ سے تقاضا رہاہے کہ دنیا میں بسنے والے تمام لوگ ایک دوسرے کے عقائد ،خیالات ،رہن سہن اورطرز فکر کو مثبت انداز میں دیکھیں اور امن وسلامتی کے اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے اس دنیا کو گہوارہ امن بنائیں،جامعہ کراچی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اس سیرت کانفرنس کے ذریعے دنیا کے بڑے مذاہب کے علماء کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک تاریخ ساز مکالمے کا آغاز کیا ہے۔

تازہ ترین