• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے باوجود پرنٹ کا ایک مقام ہے، صدر علوی

اسلام آباد ( ایوب ناصر/نمائندہ جنگ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی مسائل کے حل اور قوم سازی میں میڈیا کے کردار پر زور دیتے ہوئے پاکستانیوں کو عظیم قوم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔بدھ کو آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے زیر اہتمام 24 ویں سالانہ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اے پی این ایس طویل عرصہ سے صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے، صر ف پاکستان نہیں پوری دنیا میں اس وقت پرنٹ میڈیا انڈسٹری کو چیلنجز درپیش ہیں، حکومت ان مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے ،تقریب سے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی خطاب کیا جبکہ اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون نے خطبہ استقبالیہ دیا ، اور میڈیا کے مسائل کو اجاگر کیا ،صدرمملکت نے اے پی این ایس کے ایوارڈ یافتگان میں ایوارڈ تقسیم کئے اے پی این ایس کے جنرل سیکرٹری اور جنگ کے مینجنگ ڈائریکٹر سید سرمد علی نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے ،سینیٹر فیصل جاوید اور شیخ رشید نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کے 82فیصد انتخابات جعلی تھے رائے بنانے میں معیشت کم اور جھوٹی خبر زیادہ موثر ہو گئی ، صدر مملکت نے کہا کہ میرے غم بہت سارے ہیں مجھے نہیں معلوم آپ کتنا کر سکتے ہیں مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں تو مشکل سے مشکل کام میں بھی کامیابی یقینی ہے ،ایک لیڈر قوم نہیں بناتا قائد اعظم نے کیسے پاکستان بنا دیا دنیا حیران ہے مگر آج ثابت ہو گیا ہے کہ قائد اعظم کا الگ وطن بنانے کا فیصلہ 100 فیصد صحیح اور بر وقت تھا ، انہوں نے کہا کہ ان مسائل کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے باوجود معاشرے میں پرنٹ میڈیا کو ایک مقام حاصل ہے تاہم نسل نو سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے ایڈورٹائزنگ پالیسی کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ جعلی خبریں معاشرے کے لئے تشویش کا باعث ہیں، جعلی خبروں میں حقیقت کم اور جھوٹ زیادہ ہوتا ہے، میڈیا کو تنقید کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے،۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میڈیا کو قوم سازی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اس سلسلے میں علمائے کرام اور مساجد کا کردار بھی اہم ہے۔ اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ، وزیر اعظم قلم کی طاقت کو وطن کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں ، ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔قومی مفادات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت صحافیوں کو بااختیار بنانے اور انہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی صحافت کو مقصد پیشہ سمجھ کر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اس وقت میڈیا انڈسٹری بحران کا شکار ہے اور شکنجے میں جکڑی ہوئی ہے ، وزیراعظم عمران خان اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان کو اشتہارات کی مد میں کچھ ادائیگیاں کی گئی ہیں جبکہ جون تک باقی ادائیگیاں بھی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت صحافیوں کو بااختیار بنانے اور انہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم مضبوط صحافت کو جمہوریت کیلئے لازم قرار دیتے ہیں، میڈیا حکومت کے منشور میں اہم کردار کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس کو ایڈورٹائزمنٹ پالیسی بھیجی ہے، وہ اس حوالے سے جلد تجاویز دے ،بد قسمتی سے ہم ایک دوسرے کی بات کو سمجھ نہیں پار ہے دوبارہ مل بیٹھنے کی ضرورت ہے ،میڈیا مالکان وزارت اطلاعات و نشریات کی طاقت ہے میڈیا کے بغیر حکومت کا وجود ادھورا ہے سینیٹرل میڈیا پالیسی پر اختلافات اور نمبر گیم بھی مل بیٹھ کر ہی حل کی جاسکتی ہے مارچ میں حکومت چھ سیکٹروں کو محترک کر نے جارہی ہے جس سے بزنس ملے گا ۔میڈیا ورکرز پریشانیوں کا شکار ہیں مالکان کے رویئے اور عمل سے نالا ں ہیں ان کا خیال ہے کہ حکومت مالکان سے حق لے کر دینے میں سنجیدہ نہیں، میڈیا ریاست کا ستون ہے، اب ابلاغ کی جنگ ہے جس قوم نے میڈیا کی جنگ لڑنا سیکھ لی وہ ہی کامیاب ہو گا ،میڈیا ورکرز کے تحفظ میں مالکان کردار ادا کریں حکومت اپنے فرائض سے کوتاہی نہیں برتے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات میں شفافیت لاکر حق دار کو اس کا حق پہنچائیں گے، سوشل میڈیا ریگولیشنز کے حوالے سے کام جاری ہے، تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیا کو سماجی کاروباری ذمہ داری کے تحت عوامی مسائل سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں کردار ادا کرنا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ 27فروری کو پاکستانی قوم نے طاقتور دشمن کو للکارا، اپنی خود مختاری اور خودداری کا تحفظ کرتے ہوئے ناقابل تسخیر ہونے کا مظاہرہ کیا۔اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مالکان کو درپیش مسائل کو حکومت کی عدم توجہگی کا شاخسانہ قرار دیا انہوں نے کہا کہ بلوں کی ادائیگی اشتہارا ت کے نرخ اور میڈیا لسٹ متنازعے امور میں سرفہرست ہیں ہم مایوس نہیں مگر مشکلات کا شکار ہیں وفاقی حکومت اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ میڈیا اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکے۔
تازہ ترین