• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیٹرز فارسیفٹی فورم کا وزارت انسانی حقوق کے مجوزہ بل کا خیر مقدم

کراچی (پ ر) اخبارات کے ایڈیٹرز اور صف اول کے ٹیلی ویژن چینلز کے ڈائریکٹر نیوز کے فورم ’’ایڈیٹرزفار سیفٹی‘‘ (ای ایف ایس) نے وزارت برائے انسانی حقوق کے مجوزہ قانون کے مسودے کا خیر مقدم کیا ہے، اس بل کا مقصد صحافیوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے جنھیں دھمکیوں، اغوا، تشدد اور قتل جیسے جرائم کا سامنا ہے۔ای ایف ایس کے کنوینئر ظفر عباس کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کابینہ کو مذکورہ بل کی اصل حالت میں منظوری کیلئے آمادہ کریں جو صحافیوں کے تحفظ اور ان کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے تاکہ صحافی اپنی پیشپہ وارنہ ذمہ داریاں بلا خوف وخطر سرانجام دے سکے۔ مجوزہ بل کابینہ کی منظوری اور قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد قانون بن جائے گا اور یہ پاکستانی صحافیوں کے طویل عرصے سے کئے گئے مطالبے کو پورا کرنے کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ مذکورہ بل کابینہ کے سامنے منگل کے روز منظوری کیلئے پیش کیا گیا تاہم کابینہ نے کوئی وجہ بتائے بغیر اسے وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے مرتب کئے گئے بل کیساتھ ملانے کا فیصلہ کیا اور اسے انتخاب کیلئے وفاقی وزارت برائے قانون کو بھجوادیا گیا ہے۔ ای ایف ایس کا کہنا ہے کہ وزارت انسانی حقوق کی جانب سے مرتب کیا گیا بل جامع ہے اور اس میں کئی ایشوز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ صحافیوں پر تشدد، انہیں دھمکیوں اور ان کے قتل جیسے جرائم کی تحقیقات سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی زیر نگرانی کروانے کی بات بھی کی گئی ہے۔ اپنے اعلامیہ میں ای ایف ایس نے حکومت کو یاددہانی کرواتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران مزید دو صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔ حکومت اس سے بھی بخوبی واقف ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران 70 صحافیوں کو اپنے فرائض انجاد دینے کے دوران قتل کیا جاچکا ہے جبکہ ان میں سے صرف تین کیسز حل کئے گئے ہیں۔ ای ایف ایس نے صحافیوں کے ویلفیئر اور صحافی برادری سے متعلق قوانین میں بہتری کیلئے خدمات پر وزارت اطلاعات کی کاوشوں کا خیر مقدم بھی کیا ہے۔ 
تازہ ترین